• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں 8 ماہ کے دوران 1239 ڈینگی کیسز رپورٹ

سندھ بھر میں گذشتہ 8 ماہ کے دوران 1239 ڈینگی بخار کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ان میں سے 6 مریض جانبر نہ ہوسکے۔


سیکریٹری صحت سعید اعوان نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا کہ 20 جنوری تا 20 اگست تک1239 ڈینگی بخار کے کیسز صوبہ بھر میں رجسٹر ہوئے ہیں اور ان میں سے 6 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

محکمہ صحت نے رپورٹ میں ضلع کے حساب سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ان میں 167 کیسز ضلع وسطی،147 ضلع شرقی، 141 ضلع جنوبی، 155 ضلع غربی، 69 ملیر اور 52 کورنگی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

حیدرآباد میں 14، ٹنڈو الہ یار میں 2، مٹیاری میں 2، بدین میں ایک کیس، ٹھٹھہ میں ایک ، جام شورو میں 2، دادو میں ایک، میرپورخاص میں 4، تھرپارکر میں ایک ، سانگھڑ میں ایک، لاڑکانہ میں 6، قمبر۔شہداد کوٹ میں 2، شکارپور میں 2، جیکب آباد میں 3، کشمور میں 4، سکھر میں 2، شہید بے نظیر آباد میں 3، گھوٹکی میں 4، خیر پور میں 4، نوشہروفیروز میں ایک، غیر متعین اضلاع میں 464 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صرف اگست میں 207 کیسز رپورٹ ہوئے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایاگیا کہ 1239 ڈینگی بخار کے کیسز میں کراچی شہر میں 6 اموات ہوئی ہیں، جن میں ایک ملیر، ایک ضلع غربی، 2 کورنگی، ایک ضلع جنوبی اور ایک شرقی میں ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی پروگرام کے ذریعے آگاہی مہم شروع کرے تاکہ لوگ حفاظتی اقدامات کرسکیں۔

مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات کو بھی ہدایت کی کہ وہ لوکل باڈیز کے ذریعے صوبہ بھر میں فیومیگیشن شروع کرے۔

تازہ ترین