• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ای یوپاک فرینڈ شپ اور ندائے کشمیر کے زیر اہتمام بھارت کیخلاف احتجاج

بارسلونا (جواد چیمہ) لے کے رہیں گے آزادی، ہے حق ہمارا آزادی، کشمیر بنے گا پاکستان، پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں میں بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ میں منایا گیا، بارسلونا میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین اور ندائے کشمیر ایسوسی ایشن اسپین کے پلیٹ فارم سے بلدیہ بارسلونا اور صدر ہائوس بارسلونا کے سامنے صدائے احتجاج بلند کی اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی بھر پور کوشش کی۔ راجہ مختار سونی، چوہدری نعمان علی، یاسر ادریس اور دیگر کمیونٹی رہنمائوں نے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا خاموش کیوں ہے! آج دوہفتے گزرنے کو ہیں اور کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہیں، انہیں اس جیتی جاگتی اور سانس لیتی دنیا میں اپنی مرضی سے جینے کا حق کیوں نہیں دیا جا رہا۔ دنیا کی بڑی فراڈ جمہوریت کے دعویدار بھارت کشمیریوں پر کرفیو نافذ کرکے کون سی جمہوریت کا پرچار کر رہا ہے، دنیا کے منصفو جاگو یہ نہ ہو کہ وقت گزر جائے اور دنیا کشمیریوں کی زندگی کی طرح اپاہج ہو جائے، بھارتی یوم سیاہ کے احتجاجی مظاہرہ میں شرکاء نے کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اور مختلف مظالم کی عکاسی کرتی تصاویر کشمیر جنت نظیر وادی کو لہو رنگ دکھا رہی تھیں اور جذبات سے بھر پور نعرے جذبات سے عاری لوگوں کو سنائے جارہے تھے۔ مقررین کا کہنا ہے کہ کشمیر دو بڑی ایٹمی طاقتوں کے درمیان مسئلہ ہے اس مسئلہ کو یو این او کی قراردادوں کے مطابق فوری حل کیا جائے اگر عالمی ضمیر کشمیریوں کی چیخ وپکار سے نہیں جاگتا تو کہیں جنگ کی گرمی سے دنیا جہنم نا بن جائے، مقررین نے کہا کہ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا اور کشمیری آزادی کی نعمت سے لطف اندوز نہیں ہوتے ہم ہر دن ان کیلئے احتجاج کرتے رہیں گے اور بھارت کی ظالم جمہوریت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرتے رہیں گے۔

تازہ ترین