• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی پروگرامز کابائیکاٹ کرینگے، کشمیر بنے گا پاکستان کا لوگو چلائیں گے، کیبل آپریٹرز

لاہور(شوبز رپورٹر، دی نیوز رپورٹ)کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن پاکستان نے بھارتی ٹی وی چینلز کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ کوئی بھارتی فلم ، پروگرام یا سپورٹس چینل نہیں چلایا جائے گا، کسی بھارتی شہری کا سپورٹس چینل کسی اور ملک سے چلایا جائے گا تو اس کا بھی بائیکاٹ کریں گے۔ ہم پاکستان کیلئے تن من دھن سمیت ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی پریس کانفرنس میں صدر ایسوسی ایشن ملک فرقان نے کہا کہ گزشتہ روز چئیرمین پیمرا سے ملاقات میں ہم نے انہیں یقین دلایا ہے کہ تمام کیبل آپریٹر متحد ہیں اور کوئی بھی قابل اعتراض مواد نہیں چلائیں گے۔ غیر قانونی نشریات کی روک تھام کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے اس سے کثیر زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔کشمیر کے معاملے میں فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ کیبل پر ’’کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘ کا لوگو نشر کریں گے۔ انہوں نے کہا کیبل آپریٹرز کی مشکلا ت کے حل کیلئے بھی سنجیدہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔ ملک فرقا ن نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ غیر قانونی نشریات کا آئی پی ایڈریس کے ذریعے پتہ چلانے اور ان سے نمٹنے کیلئے ایم آئی ، آئی ایس آئی، پی ٹی اے، ایف آئی اے،پیمرا، اور سی اے پی کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے ۔ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری چودھری طاہر نے کہا غیر قانونی نشریات روکنا پیمرا کی ذمہ داری نہیں ، انہیں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) روک سکتی ہے۔اس موقع پرکیپٹن (ر) عبدالجبار، طاہر جاوید اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس کے دوران کشمیر بنے گا پاکستان، پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے جاتے رہے۔
تازہ ترین