کاٹلنگ (نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیری سری نگر میں پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اس وقت لاکھوں لوگ محاصرے میں ہیں۔ انڈیا نے پورے کشمیر کو ہائی جیک کیا ہوا ہے۔ کشمیر کو ان ہائی جیکروں سے چھڑوانا پاکستان کی ذمہ داری ہے کیونکہ جب وہ مرتے ہیں تو وہ یہ نعرہ لگاتے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے، شملہ معاہدہ ختم ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکر تنگی میں جماعت اسلامی کاٹلنگ کے امیر مولانا شیر اکبر کی وفات پر تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ ٹرمپ کی ثالثی کارآمد ہوگی اور نہ ہی سلامتی کونسل، سری نگر پر پاکستان کا جھنڈا لہرائے گا۔ شملہ معاہدہ ختم ہو چکا ہے، کشمیر بزور شمشیر آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے۔ ورلڈ بینک آئی ایم ایف اور امریکہ کی غلامی کر رہے ہیں اس لئے جماعت اسلامی متبادل کے طور پر بیسٹ آپشن کے طور پر موجود رہے گی۔ ہم عوامی ترجمانی کریں گے۔ 25 اگست کو پشاور میں تاریخی مارچ ہوگا جس میں کشمیر کے نصب العین کا تعین کیا جائے گا۔