• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ہائی بلڈ پریشر ایک ایسا مرض ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ وبا بن جاتا ہے، جس کی وجہ جسمانی سرگرمیوں کی کمی، ناقص غذا کی عادت، کام کا دباؤ اور ڈیپریشن وغیرہ ہے۔

ہائی بلڈ پریشر کے مرض کا فوری طور پر علاج کروانا چاہیے کیونکہ ہائی بلڈ پریشر سے منسلک صحت کے متعدد مسائل ہیں جن میں قلبی امراض ایک اہم مسئلہ ہے جو تمام بیماریوں کی جڑ ہے۔

قُدرتی علاج ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے، کچھ غذائیں ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں، خاص طور پر وہ غذائیں جو فائبر سے بھر پور ہوں۔

اسی طرح چائے کی کئی اقسام آپ کے ہائی بلڈپریشر کو کنٹرول کرسکتی ہیں صبح کی چائے کا کپ آپ کے بلڈ پریشر کے نظام کو بہتر بنا سکتا ہے۔

سبز چائے:

سبز چائے اچھی صحت کے فوائد سےبھری ہوئی ہے، بڑھتے ہوئے وزن کو کم کرنے میں سبز چائے کا استعمال کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ یہ چائے ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مددکرتی ہے، سبز چائے مریض کے جسم میں خون کا بہاؤ بہتر بناتی ہے، اس کے استعمال سے شریانوں میں خون کے بہاؤ میں بہتری آتی ہے اور یہ دل کی بافتوں میں سوجن کو بھی کم کرتی ہے۔ سبز چائے اینٹی آکسیڈینٹ سے بھرپور ہے جو دل کی صحت اچھی بناتی ہے۔

اگر آپ کو ہائی بلڈ پریشر کا مرض ہے تو روزانہ ایک یا دو کپ سبز چائے کا استعمال کریں لیکن اس سے زیادہ کے استعمال سے گریز کریں۔

ہبسکوس چائے:

ہبسکوس پھول کے خوبصورت سُرخ پتوں سے ہبسکوس چائے کو تیار کیا جاتا ہے جو ہائی بلڈ پریشر کے مرض کے لیے بے حد فائدہ مند ہے، اس چائے میں اینٹی آکسیڈینٹ کی خوبیاں پائی جاتی ہیں جو دل کی بیماری کے لیے بھی بہتر ہے اور اس کے علاوہ یہ چائے وزن کم کرنے اور جگر کے مرض کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

مختلف مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ ہبسکوس چائے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنےمیں مدد کرتی ہے، لیکن بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے ضروری ہے کہ ہبسکوس چائے کو اپنی خوراک میں شامل کرنے سے پہلے ایک بار اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرلیں۔

اولونگ چائے:

اولونگ چائے بلیک ٹی کی ایک قسم ہے، یہ چائے بھی اینٹی آکسیڈینٹ کی خوبیوں سے بھر پور ہے، اولونگ چائے ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتی ہے اور دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

بلڈ پریشر کے مریض اولونگ چائے کے استعمال سے پہلے کسی اچھے ڈاکٹر سے مشورہ کرلیں۔

واضح رہے کہ ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ سگریٹ نوشی سے پرہیز کیا جائے، روزانہ 30 منٹ ورزش کی جائے، اگر مریض کا وزن زیادہ ہے تو لازمی ہے کہ وزن کم کیا جائے، نیوٹریشن سے بھرپور غذا کا استعمال کیا جائے اور نشہ آور چیزوں سے دور رہا جائے۔

تازہ ترین