• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا گیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کی میڈیا بریفنگ


ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے، انٹرنیٹ سمیت ذرائع ابلاغ مکمل طور پر بند ہیں، ہم کشمیریوں کی جسمانی اور ذہنی اذیت کا اندازہ نہیں لگا سکتے۔

دفترِ خارجہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدام کے خلاف دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں کب تک کرفیو رکھے گا، ایک وقت تو اسے ہٹانا پڑے گا، یہ کتنا ظلم کرے گا، ظلم بڑھے گا تو مٹ جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کئی وزرائے اعظم سے کشمیر کے مسئلے پر بات کی ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے ایرانی سپریم لیڈر کا کشمیر سے متعلق بیان پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بہت سارے ممالک سے ثالثی کی پیشکش کی جا رہی ہے، تاہم بھارت مانے گا تو بات آگے بڑھے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس دفعہ سیلابی ریلے سے متعلق بھارت نے معلومات فراہم نہیں کیں، پانی چھوڑے جانے سے متعلق ڈیٹا نہ ملنے پر مسائل پیش آ رہے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ واہگہ بارڈر کھلا ہے، کسی کو مدد چاہیے تو دفترِ خارجہ سے رابطہ کرے، کرتار پور راہداری سے متعلق انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے کوشش ہے کہ یہ راہداری وقت پر کھل جائے۔

ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر فیصل کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں داعش کی کوئی منظم موجودگی نہیں ہے۔

تازہ ترین