اسلام آباد(اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سوئٹزر لینڈ ‘نیپال اور آئیوری کوسٹ کے وزراء خارجہ کو فون ‘مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت خطہ میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے آنے والی رپورٹس انتہائی تشویشناک ہیں‘بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے صریحاً منافی ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو سوئٹزر لینڈ کے وزیر خارجہ ایگنازیو کاسیس سے ٹیلیفونک رابطہ میں کہی۔علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نیپال سارک کا سربراہ ہونے کے ناطے مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے انسانوں کو بھارتی بربریت سے بچانے اور خطے میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیپالی وزیر خارجہ پردیپ کمار گیاوالی سے ٹیلیفونک رابطہ کے دوران کیا۔دریں اثناءوزیر خارجہ نے آئیوری کوسٹ کے وزیر خارجہ مارسل آمون تاانو سے دوسری مرتبہ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں وزراءخارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔