• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب: سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ

وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تمام سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس سلسلے میں تمام امور جلد طے کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیرِ اعلیٰ نے والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کے ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ کا اجراء جلد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین اسپتالوں میں سوا 7 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔

وزیرِ اعلیٰ نے لاہور میں مختلف اجلاسوں کی صدارت بھی کی۔

انہوں نے والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کے ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ملازمین میں عدم تحفظ کا احساس ختم ہو گا، والڈ سٹی اتھارٹی کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا فورٹ منرو کو سیاحت کے لیے بہترین مقام بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فورٹ منرو میں 18 ریسٹ ہاؤسز کی تزئین و آرائش جلد مکمل کی جائے، فورٹ منرو میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے چھوٹے ڈیم بھی بنائے جائیں گے۔

وزیرِ اعلیٰ نے ٹرائبل ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر محکموں کی پرانی گاڑیاں نیلام کرنے کا حکم بھی دیا۔

تازہ ترین