آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے کہا ہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
آئی جی سندھ نے سکھر میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی راؤ شفیع اللّٰہ کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
انہوں نے شہید ڈی ایس پی کے ورثاء کو ایک کروڑ روپے اور دو بیٹوں کو پولیس میں نوکریاں دینے کا اعلان کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم اور دیگر بڑھتی ہوئی وارداتوں کا سختی سے نوٹس لیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر کلیم امام نے کہا کہ شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، سندھ پولیس شہداء کے ورثاء کے ساتھ ہمیشہ رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس میں چھپی کالی بھیڑوں کی جیسے جیسے نشاندہی ہوتی ہے ان کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے، شہید ڈی ایس پی کے بیٹوں نے بھی کچھ نشاندہی کی ہے جس پر تفتیش کی جائے گی۔
آئی جی سندھ نے یہ بھی کہا کہ شہید ڈی ایس پی کے بیٹوں کو نوکریاں، ان کی تعلیم اور صحت سمیت دیگر ضرورتیں پولیس پوری کرے گی۔