کراچی(اسٹاف رپورٹر) اولمپک گیمز رسائی رائونڈ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کا تر بیتی کیمپ اتوار سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، پہلے روز کھلاڑی کیمپ میں رپورٹ کریں گے، پیر کی شام سے ٹریننگ سیشن کا آغاز ہوگا، کیمپ میں32 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے،قومی سنیئر ہاکی ٹیم کے کوچ سمیر حسین نے کہا ہے کہ قومی ہاکی کیمپ میں مدعو کھلاڑیوں سے بڑی توقعات ہے، نئے کھلاڑیوں کو خود کو قومی سطح تک آنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کا بہترین انداز میں مظاہرہ کرنا ہوگا، جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس کے علاوہ کھیل کی تیکنیک پر زیادہ محنت کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ماضی میں جس ٹیم کی کوچنگ کی اس میں سنیئر کھلاڑی بھی تھے ، جن کو تجربہ تھا، مگر اب زیادہ تر جونیئر کھلاڑی ہیں جنہوں نے عالمی مقابلوں میں بھی زیادہ شرکت نہیں کی ہے، اس بار ٹاسک مشکل ہے، کوشش ہوگی کہ اولمپک رسائی رائونڈ میں جو بھی ٹیمیں سامنے آئیں ان کے خلاف کامیابی حاصل کریں اور اولمپک گیمز میں پہنچ جائیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹیم کی تیاری کے لئے تھوڑا وقت درکار ہوگا، مگر ہم مایوس نہیں ہیں۔