• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر پر پاکستانی حکمرانوں کے رویے پر افسوس ہو رہا ہے، سراج الحق

سراج الحق نے پشاور میں کشمیر بچاؤ مارچ سے خطاب کیا


امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر پر پاکستانی حکمرانوں کے رویے پر افسوس ہورہا ہے۔

پشاور میں جماعت اسلامی کے تحت کشمیر بچاؤ مارچ کیا گیا، شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے، جی ٹی روڈ سے خیبر بازار تک ریلی نکالی گئی،جہاں سراج الحق نے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی حکمران دشمن سے خوف و ڈر میں مبتلا ہیں  تو عوام خود اپنا فیصلہ کریں گے اور جہاد کرتے ہوئے سری نگر کی طرف مارچ کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کشمیر میں 14ہزار کشمیری بہنوں کی عصمت دری کی گئی ہے، سیاسی رہنما پابند سلاسل ہیں، کشمیر میں مایوسی کا ماحول ہے، ایسے میں کشمیر کے لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستانی حکمرانوں کے رویے پر افسوس ہورہا ہے، سری نگر میں ہر کشمیری کے گھر پربھارتی فوج اور آر ایس ایس کے غنڈے کھڑے ہیں جبکہ ہمارے حکمران صرف زبانی کلامی پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ آج کے مارچ میں حکمرانوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ کشمیر کی طرف بڑھنے کا اعلان کریں، کراچی سے چترال تک کے عوام سری نگر تک مارچ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت امریکا پر ثالثی کے لئے اعتماد نہ کریں،ٹرمپ سے ثالثی کرانا اپنے سینے میں خود چھرا گھونپنے کے مترادف ہے، حکومت کو کسی حادثے کا انتظار ہے لیکن کشمیر کا مسئلہ بارڈر کا نہیں یہ مسلمانانوں کی زندگی و موت کا مسئلہ ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ ہم کشمیر کے لئے ایک ہزار سال تک لڑیں گے اور مریں گے اور پیچھے نہیں ہٹیں گے، اگر کشمیر کو ہندوستانی فوجیوں کا قبرستان نہیں بنایا تو پھر لاہور اسلام آباد اور سیالکوٹ میں جنگ ہوگی۔

تازہ ترین