• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: فائرنگ سے 2 افراد زخمی، 2 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار

کراچی کے علاقوں اورنگی ٹاؤن اور مچھر کالونی میں گولی لگنے سے 2 افراد زخمی ہو گئے، دوسری جانب الفلاح پولیس نے 2 اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کر لیا۔

اورنگی ٹاؤن میں رئیس امروہی کالونی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 42 سالہ شخص محمود اختر زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

مچھر کالونی کے فٹ بال گراؤنڈ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر زین العابدین نامی شخص ڈاکوئوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جسے اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔

الفلاح کے علاقے سے پولیس نے 2 اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم ارشد اور یاسر کے قبضے سے 2 پستول اور گولیاں ملی ہیں۔

گرفتار ہونے والے ایک ملزم نے جولائی کے مہینے میں خاتون سے گھر کے دروازے پر لوٹ مار کی تھی۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے، جو موبائل فون چھیننے کے بعد دوسرے ساتھی کو بیچنے کے لیے دیتا تھا۔

متاثرہ خاتون کا موبائل فون ملزمان سے برآمد کر کے خاتون کو واپس کر دیا گیا ہے۔

خاتون نے ویڈیو بیان کے ذریعے الفلاح پولیس کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

تازہ ترین