پشاور(نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے قوم کو جہاد کشمیر کیلئے تیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں ، سفارتی اچھل کود اور وزیراعظم کے مذمتی ٹویٹ بیانات سے نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر ’’ جہاد اور بندوق‘‘ سے آزاد ہوگا، ہم اپنی ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں کی آواز پر لبیک کہنے کیلئے تیار ہیں، کشمیر کیلئے ہم ایک ہزار سال تک لڑیں گے ، پیچھے نہیں ہٹیں گے اور سرینگر پر پاکستان کا پرچم لہرا کررہیں گے، ہماری شہ رگ کٹ رہی ہے ، ہم زندگی کی آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کیساتھ ہیں ، ہم ایک ہزار سال تک کشمیر کی آزادی کیلئے لڑیں گے اور سری نگر پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہراکر رہیں گے ، ہماری شہ رگ کشمیر کٹ رہی ہے، آخر ہمارے حکمران اب کس حادثہ کا انتظار کررہے ہیں ؟ اسلام آباد کے سنگ مرمر کے قبرستان میں مقیم ہمارے حکمرانوں کے ضمیر بیدار نہ ہوئے تو پھر ہم ان حکمرانوں کا جنازہ پڑھ کر خود جہاد کشمیر کیلئے آگے بڑھیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پشاور میں جماعت اسلامی ضلع پشاور کے زیر اہتمام’’ کشمیر بچاؤ عوامی مارچ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، مارچ جی ٹی روڈ سے شروع ہوا جس کے شرکا نے خیبر بازار تک مارچ کیا جہاں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا جس سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود اور جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر عتیق الرحمان سمیت مرکزی اور صوبائی قائدین نے خطاب کیا ، سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں درندہ مودی اور بھارتی افواج کے مظالم جاری ہیں، پورا کشمیر جیل میں تبدیل ہوچکا ہے۔