• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیوروکریسی، تاجر حکومت کو بلیک میل کررہے ہیں، حسن نثار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کے بعد نیب وہ ادارہ ہے جس میں کچھ جان ہے، نیب کے پر کاٹنا پاکستان کے پر کاٹنا ہوگا، تاجر برادری اور بیوروکریسی اپنی اہمیت کے پیش نظر حکومت کو بلیک میل کررہے ہیں،آصف زرداری نے راولپنڈی کا موسم بدلنے کی خطرناک بات کی ہے لیکن اس میں کوئی دم نہیں ہے، وہ خود کو اور نواز شریف اینڈ کمپنی کو حوصلہ دینے کی کوشش کررہے ہیں، کشمیر پر پاکستان و بھارت دونوں دعویٰ کر سکتے ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کا حل وہی ہونا چاہئے جو کشمیری چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حسن نثار نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر پاکستان و بھارت دونوں دعویٰ کرسکتے ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کا حل وہی ہونا چاہئے جو کشمیری چاہتے ہیں، ایک لمحہ کیلئے مان بھی لیں کہ کشمیر بھارت کا حصہ ہے تو کیا کوئی اپنے جسم کے کسی حصے کا ایسا حال کرتا ہے کہ اس خنجر مار مار کر لہولہان کرد ے اور پھر نمک چھڑکے، فلم میں ہیرو اور ولن دونوں کی خواہش ہیروئن کو پانا ہوتا ہے لیکن طریقہ کار میں فرق انہیں ہیرو اور ولن بناتا ہے،ہیرو پیار محبت سے جبکہ ولن زور زبردستی سے ہیروئن کو حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔مودی کو متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا سول ایوارڈ دیئے جانے پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال حرم کی پاسبانی کیلئے مسلم امہ کے ایک ہونے کا خواب دیکھتے تھے لیکن مسلمانوں کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوسکا ہے۔حکومت کے نیب قوانین میں ترمیم پر غور کی خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ افواج پاکستان کے بعد نیب وہ ادارہ ہے جس میں کچھ جان ہے، حکومت کو جب تک اندازہ نہیں تھا کہ ان کی شہ رگ پر بھی نیب کا ہاتھ آسکتا ہے تب تک تو نیب بہت اچھا ادارہ ہے، حکومت اور اپوزیشن مل کر نیب کے پر کاٹنا چاہتی ہیں لیکن یاد رکھیں نیب کے پر کاٹنا پاکستان کے پر کاٹنا ہوگا۔

تازہ ترین