• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت آصف زرداری کو طبی سہولیات نہ دے کر قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے،بلاول


پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سابق صدر آصف زرداری کو طبی سہولیات نہ دے کر قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

والد آصف زرداری اورپھوپی فریال تالپور سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت مجھ پر اور پارٹی پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران, مودی کے ظلم پر بات کرتے ہوئے نازیوں کا حوالہ دیتےہیں، ہمارے ہاں ایک نیازی ہے جو نازیوں سے بھی زیادہ فاشسٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے سیاسی مخالفین کو بغیر جرم کے جیل میں ڈال دیا، الزام پر الزام لگایا جارہا ہے لیکن ٹرائل شروع نہیں ہوا۔

پی پی چیئرمین نے پی ٹی آئی حکومت پر الزام عائد کیا کہ حکومت آصف زرداری کوطبی سہولیات نہ دے کرقتل کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ہم اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کے عوام پرظلم کر رہے ہیں، ہم یہ برداشت نہیں کریں گے، میں نے آصف زرداری اور فریال تالپور سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی ، دونوں پر الزام پر الزام لگایا جارہا ہے لیکن کوئی ٹرائل شروع نہیں ہوا۔

بلاول بھٹو زرداری نےمزید کہا کہ یہ عمران خان کی بھول ہے کہ ہم جمہوریت، اٹھارہویں ترمیم پر سمجھوتا کریں گے، خان صاحب کیا سمجھتے ہیں؟ ہم آمریت سے نہ صرف ٹکرائے بلکہ انہیں بھگایا۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے جیالوں کے لیےیہ کٹھ پتلی کیا چیز ہے؟ پی پی پیچھے نہیں ہٹے گی،ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، جتنی ناکام یہ حکومت ہوئی ہے کوئی اور حکومت نہیں رہی۔

پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ عمران کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا، ہر نعرہ دھوکا نکلا، ہر بات پر یوٹرن لیا، مخالفین کو جیل میں ڈال دیا تو کیا اس کا مطلب کرپشن کا مقابلہ ہے،عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگادیا گیا ہے۔

تازہ ترین