 
                
                 
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بالخصوص تبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر سمیت اہم معاملات پر چین کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژو کی لیانگ نے وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا۔ 
 
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی اشتراک بڑھانے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بالخصوص تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی فورمز پر کشمیر سمیت تمام ایشوز پر چین کی حمایت قابل تحسین ہے۔
اس موقع پر چینی جنرل کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اور اس کی فوج کے ساتھ اپنے آزمودہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے۔
جنرل ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر چینی وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور انہوں نے یادگار شہدا پر پھول بھی چڑھائے۔