• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کیلئے جاپانی سیاحوں پر خصوصی اجازت نامے کی پابندی ختم

جاپان میں پاکستان کے نو تعینات سفیر امتیاز احمد نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جاپانی سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں پاکستان بھیجا جائے جس کے لیے جاپانی ٹور آپریٹرز کے ساتھ بات چیت جاری ہے جبکہ حکومت پاکستان نے کشمیر کے لیے جاپانی سیاحوں پر خصوصی اجازت نامے کی پابندی بھی ختم کردی ہے جس کے بعد جاپانی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان امتیاز احمد نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر کے حوالے سے اپنا موقف بھرپور انداز میں جاپانی حکومت کے سامنے پیش کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پاکستان انٹرنیشنل پیراگلائڈنگ کپ اور کشمیر پریمیئر لیگ کے انعقاد کے لیے ہم معروف ٹور آپریٹر سجاد شاہ کے ساتھ خصوصی تعاون کررہے ہیں جس میں جاپانی سیاحوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوگی۔ اس ایونٹ سے مسئلہ کشمیر بھی عالمی سطح پر اٹھانے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ جاپان عنقریب ہزاروں پاکستانی ہنر مندوں کو ملازمتوں کی فراہمی شروع کررہاہے جس کے لیے دونوں ممالک کے درمیان فریم ورک تیار ہوچکا ہے ،ساتھ ہی جاپان پاکستانی طلبہ اور ہنر مند ورکرز کو جاپان میں تربیت کی فراہمی بھی شروع کررہا ہے جس کے لیے بھی ابتدائی بات چیت مکمل ہوچکی ہے ۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جاپان سے بڑی سرمایہ کاری پاکستان میں ممکن بنا سکیں جس کے لیے جاپان کے بڑے سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں سے ملاقاتیں بھی شروع کردی ہیں تاکہ جاپان کی سرمایہ کاری کو پاکستان میں ممکن بنایا جاسکے ۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ اس وقت 85 جاپانی کاروباری ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کررہے ہیں جس میں مزید اضافے کے لیے کوششیں جاری رکھیںگے جبکہ کراچی سرکلرریلوے کا منصوبہ ایک بار پھر جاپانی حکومت کے سامنے پیش کرچکے ہیں امید ہے اس پر جلد مذاکرات شروع ہونگے ۔

تازہ ترین