• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کشمیر کیلئے عالمی سفیر ہیں، چوہدری پرویز الٰہی

فرینکفرٹ (سیّد اقبال حیدر) پاکستان مسلم لیگ ق جرمنی کے صدر نصرللہ وڑائچ نے سیّد ثقلین نقوی کے ہمراہ جرمنی کے شہر کاسل میں زیر علاج چوہدری شجاعت کی عیادت کی، نصرللہ وڑائچ کے مطابق چوہدری شجاعت کی صحت اب بہت بہتر ہے، چوہدری شجاعت کے ساتھ ان کے خاندان کے اہم افراد میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی، چوہدری وجاہت، چوہدری حسین الٰہی، چوہدری مونس الٰہی، بھی جرمنی میں چوہدری خاندان کے سربراہ چوہدری شجاعت کی نگہداشت کے لئے موجود ہیں، چوہدری شجاعت کی صحت یا بی کے لیے دنیا بھر میں کیمونٹی کی طرف سے ان کی صحت یابی کے لیے کی گئی دعائوں کے لئے شکر گزار ہیں اور مکمل صحت یابی کے بعد وطن واپس جائیں گے۔ ملک کی حالیہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور پاکستانی عوام،پاک فوج کے ساتھ کشمیر کی آزادی کے لیے ایک پیج پر ہیں، عمران خان کشمیر کا مقدمہ دنیا بھر میں جس طرح لڑ رہے ہیں اس سے پہلی حکومتوں کو اس کی توفیق نہیں ہوئی، عمران خان کشمیر کے عالمی سفیر ہیں، انشاء اللہ کشمیر کی آزادی کے دن دور نہیں ہیں، اس موقع پر کشمیر ی عوام کو بھی اہم رول ادا کرنا ہوگا انھیں چاہیے کہ وہ سڑکوں پر نکل آئیں اور مودی حکومت کےکرفیو کو اس طرح پاش پاش کریں کہ دنیا بھر میں اس کی گونج سنائی دے، اس موقع پر نصرللہ وڑائچ نے کہا کہ پاکستانی کیمونٹی، کشمیری اور سکھ برادری یورپ بھر میں کشمیر کی آزادی کے لیے ریلیاں اور اجتماع کر رہے ہیں اور کشمیر کی آزادی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
تازہ ترین