راولپنڈی (نمائندہ جنگ،نیوزایجنسیاں) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاک فوج بھارت کے اندر 22 پاکستان بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے مودی کشمیریوں کی نسل کشی کرنا چاہتا ہے، مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے تاریخی غلطی کی اسکی یہی غلطی اب کشمیریوں کی آزادی کا سبب بنے گی ،مودی نے مقبوضہ کشمیر کی زمین ہتھیانے کیلئے کشمیری مسلمانوں پر جس طرح زندگی تنگ کی ہے بہت جلد اسے اپنی غلطی کا احساس ہو جائیگا، ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہوکر لڑیگی، لال حویلی کے باہر وزیراعظم کی ہدایت پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا میرا تو شروع دن سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ مودی کی قیادت میں عیاروں اور مکاروں پر مشتمل بی جے پی مسلمانوں کی کھلم کھلا دشمن ہے، گجرات سے کشمیر تک مودی کی سوچ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی، کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے وعدے پر ہی انتہا پسند اور جنونی ہندوئوں نے بی جے پی کو دوسری بار کامیاب کیا لیکن کشمیر پر حملہ مودی کو بہت مہنگا پڑیگا۔