سکھر (بیورو رپورٹ) شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ او رپریشر میں کمی کی شکایات کا ازالہ نہ ہونے پر صارفین کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا۔ بچل شاہ میانی کے رہائشی افراد سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی سکھر کے افسران کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرکے نعرے بازی کی۔ مظاہرے میں شامل اشفاق، نعیم، ادریس و دیگر نے الزام عائد کیاکہ طویل عرصے سے گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کی شکایات درپیش ہیں، متعدد بار متعلقہ محکمے کے افسران کو شکایات درج کرائی گئیں مگر کوئی ازالہ نہیں کیا جارہا ہے، بحالت مجبوری احتجاج کا راستہ اختیار کیا ہے، اگر اب بھی شکایات کا ازالہ نہ کیا گیا تو سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کا گھیراؤ کرنے پر مجبور ہوجائینگے۔ دوسری جانب شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں پرانا سکھر، ریجنٹ سنیما، سلیم کالونی، والس روڈ، نیوپنڈ، آدم شاہ کالونی، نصرت کالونی، نواں گوٹھ، بھوسہ لائن، جناح چوک ، میانی روڈ، طارق روڈ، حسینی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بھی صبح، دوپہر، رات کے اوقات میں گیس کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کررکھا ہے۔