• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواہش ہے کہ حکومت اور اپوزیشن متحد ہو جائیں، شیخ رشید


وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ خواہش ہے کہ کشمیر کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن متحد ہو جائیں، کشمیر کی جنگ الیکٹرانک میڈیا نے لڑی ہے۔

لاہور میں سی ای او ریلویز آفتاب اکبر کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، تقریب سے شیخ رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 محرم کے بعد کشمیر جاؤں گا اور وہاں کے چپے چپے پر جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ چور لٹیروں سے اگر آئی ایم ایف اور ریکوڈیک کے برابر ریکوری ہوتی ہے تو ان سے یہ رقم لے کر جان چھڑا لینی چاہیے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگر چور لٹیروں کے حواری رقم دینا چاہتے ہیں تو بہت ہی اچھا ہو گا، البتہ عمران خان کسی سے این آر او نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لال حویلی کے باہر کشمیریوں کے حق میں اور بھارت کے خلاف مظاہرے میں خطاب کے دوران بجلی کا جتنا جھٹکا لگا اس سے میرے بازو ٹھیک ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ایک زندہ دل شہر ہے اس کا سیاست، شاعری اور ادب میں بہت کردار ہے، ہم انقلابات نہیں لاسکے کیونکہ ریلوے میں بہت سیاست ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ 34 نئی ٹرینیں چلا کر بچت کی ہے، اگر ایکسپورٹ بڑھنی ہے تو ریلوے کے ذریعے ہی بڑھنی ہے، مال گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے دور میں کرپشن ہوئی تو اس کا ذمہ دار میں ہوں گا کیوں کہ وزیر کے بغیر کرپشن نہیں ہو سکتی، کراچی میں بارشوں کی وجہ سے سگنل سسٹم خراب ہوا جس سے مسائل پیدا ہوئے۔

تازہ ترین