سکھر+شکار پور+ٹنڈو جام(بیورو رپورٹ/نامہ نگاران) بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ 16؍گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔تفصیلات کے مطابق سکھر بشیر آباد کے مکینوں نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ مظاہرے میں شامل حسنین شیخ، جاوید ودیگر نے الزام عائد کیا کہ ہمارے علاقوں میں 12سے 14گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، سیپکو چیف و دیگر بالا حکام نوٹس لیکر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرائیں۔شکارپور مختلف علاقوں میں 12سے16 گھنٹے لوڈشیڈنگ اور ایکسپریس فیڈرز پر بھی یومیہ دو سے تین گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کردیاہے۔ذرائع کے مطابق چوری سے پاک کی گئی ایکسپریس لائن پر بھی بجلی چوری کی شکایات بڑھتی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار کہنے کے باوجود شہر کے دیگر فیڈرز کو ایکسپریس نہیں کیا جارہا،جن پر بجلی چوری کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کے باعث ہم شدیدگرمی اور گھٹن کے ماحول میں 12سے 16گھنٹے بجلی کا اعلانیہ اور غیراعلانیہ تعطل برداشت کرنے پر مجبور ہیں جبکہ شہر کے جن فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ سے پاک کرکےایکسپریس لائن میں شامل کیا گیا ہے وہاں بھی روزانہ کی بنیاد پر دو سے تین گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے۔ بجلی کا طویل تعطل ہونے کے باوجود ہمیں بجلی کے بھاری بل بھیج کر ہمارا معاشی استحصال بھی کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی بجلی فراہمی کی کمپنیوں کی زیادتیوں کے علاوہ حکومتی ناقص پالیسیوں کے باعث بجلی اور گیس کے نرخوں میں بےجا اضافے کا بوجھ بھی عوام کے کمزور کندھوں پر ہی ڈالا جارہا ہے جس میں بجلی صارفین کوٹیرف کی مد میں دس سےسترہ روپے فی یونٹ ادا کرنے سمیت بھاری ٹیکسز کا بھی سامنا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کے نرخ کم کرکے واپڈا کی ذیلی کمپنیوں کے افسران کا احتساب عمل میں لاتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ٹنڈوجامشہر اور گردونواح میں بارش کے بعد بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا اور کئی گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔