• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کراچی میں کشمیرمارچ،ٹرمپ کی ثالثی قبول نہیں،پاکستان شملہ معاہدہ ختم کرے،سراج الحق

کراچی (اسٹاف رپوٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی ثالثی قبول نہیں،حکومت ِ پاکستان شملہ معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کرے۔ حکومت ایل او سی پر لگی 450کلو میٹر کی باڑھ کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے اور یہ باڑھ ختم کرے۔ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کے نمائندوں کو بھی نمائندگی دی جائے۔

’ٹرمپ کی ثالثی قبول نہیں، پاکستان شملہ معاہدہ ختم کرے‘


وہ کراچی میں کشمیر مارچ کے شرکا سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر سینیٹر رضا ربانی، امیر العظیم، حافظ نعیم الرحمن، مفتی محمد یوسف قصوری، آصف حسنین، حافظ امجد،مفتی احمد الرحمن، قاضی احمد نورانی، عمر خان، ڈاکٹر اسامہ رضی،نعیم قریشی ایڈوکیٹ، طارق حسن اور دیگر نے ببھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کی جدو جہد تمام عالمی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت جائز ہے اور جب مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی افواج موجود ہے تو پاکستانی فوج کو بھی وہاں ہونا چاہئے۔ہماری فوج دنیا کی ایک بہترین اور با صلاحیت فوج ہے۔ آج پوری قوم افواج ِ پاکستان کے سپہ سالار سے بھی سوال کر رہے ہیں کہ کشمیر کی آزادی کے لیے کیا روڈ میپ بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور ٹیلی فون پر بات چیت سے مسئلہ حل نہیں ہو گا، اب پیش قدمی کی ضرورت ہے۔ اگر حکومت نے اپنا کردار ادا نہیں کیا تو قوم اسلام آباد کی طرف مارچ کرکے حکمرانوں کو جھنجھوڑے گی۔ اب قوم زیادہ دیر انتظار نہیں کر سکتی۔ کشمیر کی آزادی کیلئے حکومت اور ریاست کی سطح پر کوئی حرکت اور سر گرمی نظر نہیں آرہی۔آج میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کرنے کی بجائے ٹیپو سلطان کے کردار کی ضرورت ہے۔ کشمیر کی آزادی کے لیے حکمران آگے بڑھیں تو پوری قوم ان ساتھ دے گی۔ سراج الحق نےمزید کہا کہ آج اہل کراچی نے ثابت کردیاکراچی جاگ رہا ہے، شدید بارش میں بھی ہماری بہنیں اور بیٹیاں خواتین رہنماؤں کی قیادت میں آج یہاں جمع ہیں، نوجوان، بچے اور بزرگ بھی جمع ہیں جو یہ پیغام ہے کہ امت مسلمہ کے عوام بیدار ہیں۔کشمیر ہماری زندگی اور مو ت کامسئلہ ہے،آج کی لڑائی صرف مقبوضہ کشمیر کے لیے نہیں بلکہ بھار ت کے مسلمانوں کے لیے بھی لڑرہے ہیں۔بھارت کو خطر ہ ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کی کامیابی میں بھارت کے اندر کئی پاکستان بن سکتے ہیں،بھارت کے اندر کئی آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں جس سے بھارت کی سلامتی کو خطر ہ ہے۔آئین کی دفعہ 370اور35Aکی بحالی کا مطالبہ کافی نہیں کیونکہ ہماری جنگ اصل میں کشمیر کی آزادی ہے، ان دفعات کی بحالی کے بعد یہ جدوجہد ختم نہیں ہوگی، وزیر اعظم امریکی صدر کی ثالثی چاہتے ہیں لیکن پوری قوم اور کشمیری عوام کو امریکا کی ثالثی قبول نہیں، امریکا تو بھارت کی حمایت کررہا ہے اور کرتا رہے گا، ہمارا صرف ایک اعلان ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق چیئرمین سینٹ،سینیٹر رضا ربانی نے کہاکہ امریکا کی ثالثی کو کسی طورپر بھی منظور نہیں کیا جانا چاہیے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ مصلحت کی بجائے جدوجہد کا راستہ اختیار کیا جائے۔مرکزی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہاکہ حکمرانوں کی صفوں میں موجود بے حسی ختم کی جائے اور کشمیریوں کی آزادی کیلئے راست اقدام کیے جائیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جہاد ریاست کی ذمہ داری ہے اور وقت آگیا ہے کہ ریاست مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے تحفظ اور ا ن کی آزادی کیلئے جہاد کا اعلان کرے۔جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رہنما مفتی محمد یوسف قصوری نے کہاکہ ہم اپنی شہ رگ کو بھارت کے تسلط میں نہیں رہنے دیں گے،کشمیر کی آزادی تک جہاد جاری رہے گا۔پی ایس پی کے رہنما آصف حسنین نے کہا کہ بھارت کشمیر پر زیادہ عرصے تک تسلط قائم نہیں کرسکتا،کشمیر پاکستان کا حصہ بن کررہے گا۔ملی مسلم لیگ کے رہنما حافظ امجد نے کہاکہ آج پوری قوم کا اعلان ہے کہ ہم کشمیر کے ساتھ ہیں۔مفتی احمد الرحمن نے کہا کہ آج وقت کی ضرورت ہے کہ کشمیری عوام کے لیے گھروں سے نکل کر احتجاج اور اظہار یکجہتی کریں۔جمعیت علمائے پاکستان قاضی احمد نورانی نے کہاکہ حکمران جرات مندی کا مظاہرہ کرنے کی بجائے صرف زبانی جمع خرچ کررہے ہیں۔اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم عمر خان نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوان کشمیر کے لیے تیار ہیں۔

تازہ ترین