• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا کلبھوشن یادیو کو آج پھر قونصلر رسائی دینے کا اعلان

اسلام آباد / کراچی (نمائندہ جنگ / نیوز ڈیسک) پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو آج پھر قونصلر رسائی دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ بھارت نے اس پر بھی اعتراض اُٹھا دیا ہے اور کہا ہے کہ کلبھوشن تک بلارکاوٹ رسائی دی جائے گی تو پاکستان پیشکش قبول کریں گے۔ تفصیلات کےمطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے باضابطہ طور پر اس فیصلے کی تصدیق کی ہے کہ انڈین جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو جو کہ انڈین بحریہ کا حاضر سروس افسر اور ’’را‘‘ کا ایجنٹ ہے اسے ویانا کنونشن عالمی عدالت انصاف کے فیصلے اور پاکستانی قوانین کے مطابق آج (پیرکو) قونصلر رسائی دی جائے گی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ آج قونصلر رسائی ملاقات بھی وزارت خارجہ میں ہی کرائی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں بھارتی کمیشن اور وزارت خارجہ کے درمیان ہائی کمیشن کے ملاقاتی کے نام سمیت ملاقات کا دورانیہ اور دیگر متعلقہ امور طے پاچکے ہیں۔ ادھر بھارت نے اپنے جاسوس کلبھوشن یادیو کو پاکستان کی جانب سے قونصلر رسائی دینے پر بھی اعتراض اٹھادیا ہے، بھارت کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادیو تک بلا رکاوٹ اور بغیر کسی پابندی کے رسائی دی جائے گی تو ہی وہ پاکستانی پیشکش کو قبول کرے گا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ذرائع نے بھارتی اخبار کو بتایا کہ وہ صرف اسی وقت پاکستانی پیشکش قبول کریں گے جب کلبھوشن تک بغیر کسی رکاوٹ اور پابندیوں کے بغیر رسائی دی جائے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے دسمبر 2017ء میں کلبھوشن یادیو کی والدہ اور ان کی اہلیہ سے ان کی ملاقات کرائی یہ ملاقات وزارت خارجہ میں خصوصی انتظامات میں ہوئی تھی۔ 

تازہ ترین