کراچی میں آج کل کے مقابلے میں بڑے پیمانے پر تیز بارش متوقع ہے، ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں سہ پہر3 سے4 بجے کے بعد بارش متوقع ہے، جس کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
بحیرہ عرب کے شمال مشرق میں ہوا کی گردش کے باعث بننے والے سسٹم سے کراچی سمیت زیریں سندھ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور معتدل بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے چیف میڑولوجسٹ کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب کے شمال مشرق اور بھارتی گجرات میں سسٹم موجود ہے جس کا پھیلاؤ کراچی سمیت ذیلی سندھ میں ہورہا ہے۔
ذرائع موسمیات کے مطابق آج اور کل کراچی سمیت ذیلی سندھ میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں معتدل بارش ہونے کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات کہتے ہیں کہ کراچی میں آج طوفانی ہواؤں کے قوی امکانات ہیں اور بارش بھی کل کے مقابلے میں زیادہ ہوسکتی ہے۔
شہر کی موجودہ موسمی صورتحال میں سمندری ہواؤں کے بند ہونے سے حبس کی کیفیت موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد ہے۔
دوسری جانب آئندہ دو سے تین روز میں جنوبی پنجاب میں بھی بارش کا امکان ہے۔