پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان اور پرویز مشرف کے دور حکومت میں بہت مماثلت ہے، عمران خان کی وہی کابینہ ہے جو پرویز مشرف کی تھی۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری اور شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ناکامیوں کی فہرست ان کی کامیابیوں سے کہیں زیادہ لمبی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نےملک کو معاشی طور پر غیر مستحکم کیا ہے جو ہزاروں لوگوں کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا سبب بنا ہے۔
آصفہ بھٹو نے کہا کہ سمجھ سے بالاتر ہے موجودہ حکومت کیوں کہہ رہی ہے کہ وہ کسی کو این آر او نہیں دیں گے، جبکہ حکومت سے این آر او مانگ کون رہا ہے؟
انہوں نے بتایا کہ میرے والد آصف زرداری نے ساڑھے گیارہ سال قید میں گزارے اس و قت انہوں نے کسی سے این آر او نہیں مانگا۔
پی پی رہنما آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ جیل میں اپنے والد کے علاج سے مطمئن نہیں ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق آصفہ بھٹو نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر دنیا خاموش ہے، اس ایشو پر عالمی برادری نے وہ کردار ادا نہیں کیا جو انہیں کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پارلیمان میں مسئلہ کشمیر پر تاخیر سے تقریر ان کی ناکامی تھی، جبکہ وزیرخارجہ کامسئلہ کشمیر پر عالمی برادری سے زیادہ توقع نہ رکھنے کا بیان مضحکہ خیز تھا۔