نیویارک (جنگ نیوز) دفاعی چیمپئن عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ کی کندھے میں تکلیف کے باعث یوایس اوپن چیمپئن شپ سے دستبردارہو گئے۔ اتوار کو سوئٹزر لینڈ کے اسٹین واورینکا کے خلاف چوتھے مرحلے کے میچ میں انجری کے سبب میچ ادھورا چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔
وہ اس وقت شکست کے خطرے سے دوچار تھے۔ اس اقدام پر انہوں نے پرستاروں سے معذرت کی ہے۔ جوکووچ کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصے سے بائیں کندھے میں تکلیف محسوس کر رہے تھے، مسلسل علاج کے باوجود افاقہ نہیں ہورہا۔ وہ جلد کورٹس میں لوٹنے کیلئے پرامید ہے۔ ادھرامریکا کی سرینا ولیمز چوتھے مرحلے کے میچ میں ٹخنے کی انجری کا شکار ہوئیں لیکن انہوں نے درد پر قابو پایا اور کروشیا کی پیٹرا میٹریچ کو ہرا دیا۔ دریں اثنا امریکا مائیک برائن کو اپنے ریکٹ سے بندوق کی طرح امپائر کی جانب فائرنگ کا اشارہ کرنے پر 10 ہزار ڈالرز جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ انہوں نے ڈبلز دوسرے راؤنڈ میں امپائر کے فیصلے پر اظہار ناراضی کیا تھا۔