لاہور(نمائندہ جنگ)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ تبدیلی تبدیلی کا راگ الاپنے والوں کے دور حکومت میں ملکی معیشت سونامی کی رفتارسے نیچے گئی،کشمیر پر حکومت کی اچھل کود اور تقریروں کا کشمیریوں کو ابھی تک کچھ فائدہ نہیں ہوا ۔ نااہل حکومت کی وجہ سے قرضوں ، افراط زر ، تجارتی خسارہ، مہنگائی اور بے روزگاری سونامی کی رفتار سے اوپر گئے ہیں۔ وزیراعظم قرضے معاف کرنے کی مخالفت کرتے رہے اور اب انہوں نے خود 228 ارب روپے کے قرضے معاف کیے ہیں ۔ غریب ایک ہزار روپے بجلی کا بل ادا نہ کرے تو اس کا میٹر کاٹ دیا جاتاہے اور امیروں کے کروڑوں اربوں روپے کے قرضے معاف کردیے جاتے ہیں ۔یہ ظلم و استحصال کا نظام ہے جسے قوم مزید برادشت نہیں کرے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں تجارتی مرکز کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا کا چھٹا بڑا ملک اور ساتویں ایٹمی قوت ہیں ۔