اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے قتل کے ملزم محمد سلیم کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا، چیف جسٹس نے کہا کہ وجہ عناد ثابت نہ ہو تو سزائے موت نہیں ہوسکتی ۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے لاہور رجسٹری سے ویڈیو لنک کے ذریعے کیس کی سماعت کی۔ ٹرائل کورٹ نے ملزم محمد سلیم کو سزائے موت سنائی تھی،لاہورہائی کورٹ نے سزائے موت کو برقرار رکھا تھا۔وکیل مقتول نے کہاکہ 2006 میں فیصل آباد میں قتل کا واقعہ پیش آیا۔چیف جسٹس نے کہاکہ کیس میں وجہ عناد معلوم نہیں،اگر وجہ عناد ثابت نہ ہو تو سزائے موت نہیں ہو سکتی ،کیاجھگڑے کے کوئی گواہ پیش کیے گئے،اس کیس میں ریکوری بھی گرفتاری کے بعد کی گئی۔ وکلاء نے ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دئیے۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم محمد سلیم کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔