راولپنڈی( اپنے رپورٹر سے، اپنے نامہ نگار سے) غیر سرکاری ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 937جبکہ سرکاری ذرائع کے مطابق903ہوگئی ہے۔ تاحال کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا اور نہ کسی کےخلاف کوئی ایکشن ہوا ہے۔ڈینگی سپرے کیلئے اگست میں دس لاکھ روپے کے پمپ خریدے گئے۔ادھر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈکوارٹر) صائمہ یونس نے ائرپورٹ کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کا دورہ کیا اور علاقے میں سپرے کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے ڈینگی مریضوں کی تعداد میں اضافے اور اس کے پھیلا ئو کو روکنے کے لئے فوجی فائونڈیشن ہسپتال،ریلوے ہسپتال، کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کی انتظامیہ سے بھی ملاقات کی۔ ادھرراولپنڈی کینٹ ایریاز کے مزید 35گھروں سمیت مجموعی طور پر 57مقامات سے ڈینگی لاروا نکل آیا ، منگل کے روز اینٹی ڈینگی مہم پر مشتمل آئوٹ ڈورٹیموں نے 2430گھروں کی سرولینس کی جس دوران 35 گھروں سے لا روا ملا جسے تلف کر دیا گیا۔