• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

8ہزار ارب ریونیو وصولی کا دعویٰ ناکام ثابت ہوگا‘ اسحاق ڈار

اسلام آباد (حنیف خالد) سابق وفاقی وزیر خزانہ‘ ریونیو‘ اقتصادی امور سنیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 8ہزار ارب ریونیو وصولی کا دعویٰ ناکام ثابت ہو گا‘ پی ٹی آئی حکومت 8ہزار تو دور پانچ ہزار پانچ سو پچپن ارب روپے کا اپنا ہدف بھی حاصل نہیں کر پائے گی۔ موجودہ حکمران بلند بانگ دعوے تو کر رہے ہیں‘ کیا سوا سال میں انہوں نے جی ڈی پی گروتھ ہماری 5اعشاریہ 8فیصد سے بڑھا دی ہے؟ درحقیقت انہوں نے جی ڈی پی گروتھ ریٹ آدھے سے بھی کم کر دیا ہے۔ کئی ملین افراد کو بیروزگار کر دیا گیا۔ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو روزگار دیا ہے یا لاکھوں کو بیروزگار کر دیا ہے۔ ناقص حکمت عملی سے ضروری امپورٹس پر پابندیاں لگنے سے اسمگلنگ میں تیزرفتار اضافہ ہونے لگا ہے۔ (ن) لیگی حکومت نے پانچ سال میں ریونیو کو 3900ارب تک پہنچایا جو 2013ء میں 1900ارب کے لگ بھگ تھا۔ ہماری حکومت نے گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے کارخانے لگائے۔ 17ہزار کلومیٹر شاہراہیں بنائیں‘ ایل این جی کے تین ٹرمینل کراچی پورٹ پر لگا کر گیس کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ جو 18‘ 18گھنٹے شہروں میں اور 22‘22گھنٹے دیہی علاقوں میں ہوا کرتی تھی‘ ہماری دور میں بجلی کے کارخانے لگے ان سے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ پر قابو پا لیا گیا۔ گیس کی لوڈشیڈنگ نہ ہونےکے برابر کر دی گئی۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام 300ارب سے بڑھا کر کم و بیش 900ارب روپے کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک وڈیو گفتگو میں کیا۔
تازہ ترین