• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فضائیہ نے ابھی نندن کی طرح میرا طیارہ بھی گرایا، بھارتی ایئر چیف

بھارتی فضائیہ کے موجودہ سربراہ ایئر چیف مارشل بریندر سنگھ دھنووا نے اعتراف کیا ہے کہ ابھی نندن کی طرح ان کا طیارہ بھی پاک فضائیہ نے مار گرایا تھا، جس کی وجہ سے انہیں بھی سخت ہزیمت اٹھانی پڑی تھی۔

ایئر چیف مارشل بریندر سنگھ دھنووا کی ریٹائرمنٹ میں چند دن باقی رہ گئے ہیں، گزشتہ پیر کو انہوں نے ونگ کمانڈر ابھی نندن کے ہمراہ مگ 21 لڑاکا طیارے کے ذریعے اپنی آخری پیشہ ورانہ اڑان بھری اور پاک فضائیہ کے ہاتھوں اپنی اس شکست کا اعتراف کیا۔

سالِ رواں میں پلوامہ واقعے کے بعد ماہِ فروری میں مگ 21 طیارے کے ذریعے آزاد کشمیر میں داخل ہونے پر پاک فضائیہ کی جانب سے طیارہ مار گرائے جانے، جنگی قیدی بننے اور پھر پاکستان کی جانب سے رہا کیے جانے والے ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھمان نے بھی بھارتی ایئر چیف مارشل بریندر سنگھ دھنووا کا بھارتی پنجاب میں پٹھان کوٹ کے فضائی اڈے سے اڑنے والی پرواز میں ساتھ دیا۔

اس موقع پر بھارتی ایئر چیف دھنووا نے اعتراف کیا کہ ابھی نندن اور ان میں 2 باتیں مشترک ہیں، ایک یہ کہ انہوں نے کارگل میں اور ابھی نندن نے بالاکوٹ پر فضائی حملوں کی کوشش کی اور دونوں کو پاک فضائیہ کی جانب سے مار گرایا گیا تھا اور دوسری یہ کہ دونوں نے طیارے چھوڑ کر پیرا شوٹ کے ذریعے اپنی جان بچائی تھی، البتہ ایئر چیف دھنووا صاف بچ نکلے تھے جبکہ ابھی نندن پاکستان میں جنگی قیدی بنا لیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو پاک فضائیہ کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارتی فضائیہ نے مگ 21 کا انسٹرکٹر بنا دیا گیا ہے۔

تازہ ترین