وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے طلبا بھی میٹرک اور انٹر کی تعلیم مکمل کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں شفقت محمود نے کہا کہ ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم کے نفاذ کے لیے وزارت تعلیم اور اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے درمیان مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدارس کےطلبا عصری علوم حاصل کرکے کامیاب زندگی گزار سکیں گے۔
وزیر تعلیم نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم کے لئے کوششیں رنگ لانے لگی ہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز سے مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مارچ 2020 تک پرائمری سطح پر ایک جیسا نصاب مرتب کر لیا جائے گا، دینی مدارس کے طلبا کے لیے میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں شرکت کرنا لازمی ہوگا۔
شفقت محمود نے یہ بھی کہا کہ احساس پروگرام کے تحت انڈر گریجویٹ طلبا کے لئے 5ارب روپے کی اسکالرشپ دی جائے گی۔