• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

درشن زری والا نے اہلیہ اپارا مہتا کو بدصورت ترین عورت کہنے کی تردید کردی

بھارتی فلموں، ٹیلی ویژن اور اسٹیج کے اداکار درشن زری والا نے اپنی اہلیہ اپارا مہتا کو بدصورت ترین عورت کہنے کی تردید کر دی۔ انھوں نے اپارا مہتا کے علیحدگی سے متعلق دعووں کو غلط قرار دیتے ہوئے اسے یادداشت کی خرابی کا معاملہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ 68 سالہ گجراتی خاندان سے تعلق رکھنے والے درشن اور اپارا گزشتہ 23 برس سے الگ الگ رہ رہے ہیں، تاہم دونوں نے اب تک باضابطہ طور پر طلاق نہیں لی۔ 

رواں سال کے آغاز میں ان کے تعلقات اس وقت خبروں کی زینت بنے جب اپارا نے اپنی علیحدگی کی وجہ بیان کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ درشن نے انہیں بدصورت ترین عورت کہا تھا۔

اب درشن زری والا نے سدھارتھ کنن کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اپارا کے دعووں کی تردید کی اور یہ بھی بتایا کہ دونوں نے طلاق کیوں نہیں لی۔ درشن نے کہا کہ جھوٹ کی کوئی حد نہیں ہوتی اور وضاحت کی کہ ایک اعصابی یا نفسیاتی مظہر ایسا بھی ہوتا ہے جس میں وقت گزرنے کے ساتھ انسان کی کسی واقعے سے متعلق یادداشت تبدیل ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح یہ واقعہ بیان کیا گیا ہے، ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔ میں ایسا شخص نہیں ہوں جو کسی عام سی شکل و صورت رکھنے والی عورت سے بھی یہ کہوں کہ وہ بدصورت ہے۔ ایسا تبصرہ کرنا میرے لیے بالکل بے معنی ہوگا۔ اگر میں خود کو اچھی طرح جانتا ہوں تو میں کسی شخص کی ظاہری شکل کے بجائے اس کے اندرونی کردار کے بارے میں بات کروں گا۔

درشن نے مزید کہا کہ شاید اپارا کو اس بات کا خدشہ محسوس ہوا ہو کہ انہیں ٹی وی ڈرامہ کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی، میں کسی اور سے تبدیل کیا جا سکتا ہے اور ممکن ہے کہ اسی وجہ سے وہ بھارت واپس آئی ہوں۔ 

درشن زری والا 2010 سے انٹیریئر ڈیزائنر اور آرکیٹیکٹ اناہیتا اٹالیہ کے ساتھ رہ رہے ہیں۔

درشن نے اپنی علیحدگی کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے بعد برسوں کے دوران دونوں کی شخصیت اور زندگی کے راستے مختلف ہوتے گئے، میں نے طلاق کے کاغذات ضرور جمع کروائے تھے، لیکن جج نے میری درخواست مسترد کر دی۔

یاد رہے کہ دونوں کی 1982 میں شادی ہوئی لیکن  2003 میں الگ ہوگئے، ان کی ایک بیٹی خوشالی زری والا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید