احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی کےموقع پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سیکیورٹی اہلکار پر برہم ہوگئے، فریال تالپور کو راستہ نہ دینے پر اہلکار کو چھڑی دے ماری ۔
منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کیس کی سماعت کے لیے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔
پیشی کے موقع پر آصف زرداری نے فریال تالپور کے آگے آنے پر سیکیورٹی اہلکار کو چھڑی سے پیچھے ہٹایا اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’دیکھتے نہیں ہو میری بہن پیچھے آ رہی ہے‘۔
دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج راجہ جواد عباس حسن نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق دو ریفرنسز کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ جج چھٹیوں سے واپسی پر سماعت کریں گے، ابھی جیل میں سہولیات سے متعلق متفرق درخواست سن لیتے ہیں۔
آصف زرداری نے روسٹرم پر آکر کہا پہلے گرفتار ہوا تھا تو جیل میں سہولتیں دی گئی تھیں، اب عدالتی حکم کے باوجود اے سی اور فریج کی سہولت نہیں دی گئی جس پر عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
اس موقع پر عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 19 ستمبر تک توسیع کردی۔
کیس میں ریفرنس کی نقول تقسیم نہ کیے جانے کے باعث فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر نہ ہوسکی۔