• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عابد علی کے چند یاد گار ٹی وی ڈراموں کے مناظر


فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار عابد علی انتقال کر گئے، ان کی اہلیہ رابعہ عابد علی نے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔

لیجنڈ اداکار عابد علی کی عمر 67 برس تھی، وہ طویل عرصے سے جگر کے عارضے میں مبتلا تھے۔

عابد علی گذشتہ دو ماہ سے کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے، اور چند روز سے ان کی حالت تشویشناک تھی۔

ٹیلی وژن نگری میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار عابد علی 1952ء میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے، ان کی تین بیٹیاں ہیں، جبکہ ایک بیٹی ایمان علی نے جیو کی فلم ’بول‘ سے شہرت حاصل کی۔

عابد علی نے دو شادیاں کی تھیں، ان کی پہلی بیگم حمیرا علی اور دوسری رابعہ نورین ہیں اور ان دونوں کا تعلق بھی شوبز سے ہے۔

عابد علی کو امجد اسلام امجد کے لکھے ہوئے ڈرامے ’وارث‘سے شہرت حاصل ہوئی، انہوں نے سیکڑوں ٹیلی وژن ڈراموں اور درجنوں فلموں میں کام کیا۔

عابد علی کی نئی فلم ’ہیر مان جا‘ آج کل سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے، جبکہ جیو ٹیلی وژن سےان کے دو ڈرامہ سیریلز ’میرا رب وارث‘ اور ’رمز عشق‘ ٹیلی کاسٹ کیے جارہے ہیں۔

عابد علی کے پرانے ساتھی اور سینئر اداکار توقیر ناصر نے عابد علی کے انتقال کو بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

ادھر وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معروف اداکار عابد علی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے۔

ایک تعزیتی بیان میں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ مرحوم عابد علی کا بہترین کام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

تازہ ترین