لاہور(نمائندہ جنگ)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے رحیم یار خان میں زیر حراست ملزم صلاح الدین کی پولیس تشدد کے باعث جاں بحق ہونے کے واقعہ کی عدالتی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے - وزیر اعلی ٰکے احکامات پر عدالتی کمیشن کی تشکیل کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے تحریری طور پر استدعا کی ہے تا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات سے صلاح الدین کی موت کے حقائق منظر عام پر آسکیں - وزیر اعلیٰ نے یہ فیصلہ افسوسناک واقعہ کے بارے میں پولیس تحقیقات میں نئے شواہد سامنے آنے کے بعد کیاہے - انہوں نے کہا کہ عدالتی کمیشن کے فیصلے سے عدل و انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے اور واقعہ کے ذمہ داروں کو قانو ن کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جا سکے گی- انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص سے غیر انسانی سلوک کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ نے ڈی پی او رحیم یار خان کو عہدے سے ہٹاکراو ایس ڈی بنا نے کا حکم دیا ہے اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے -عثمان احمد بزدار نے کہا ہے کہ ہسپتالوں کی انتظامی حالت بہتر بنانے کیلئےپنجاب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ریفارمز آرڈیننس پہلے مرحلے میں 6 میڈیکل یونیورسٹیوں میں نافذ کیا گیاہے، ان اصلاحات سے ہسپتالوں کا نظام بہتر ہو گا، پروفیشنلز کو بہتر ٹریننگ اور عوام کو بہتر علاج کی سہولت دستیاب ہو گی۔