پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہےکہ اکادمی ادبیات کی گیلری سے مرزاغالب، فیض احمد فیض، احمدفراز اور دیگر شعرا کی تصاویر ہٹانا حکومت کا متکبرانہ اقدام ہے، ان ادیبوں اور شعراء کے پاکستان کے ثقافتی افق پر گہرے سائے ہیں۔
ایک بیان میں سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ ان شعراء کی تصاویر اتارنا حکومت کا پہلا اقدام ہے لگتا ہے اگلا اقدام شعراء کی کتابیں ہٹانا اور ان پر پابندی عائد کرنا ہوگا۔
پی پی رہنما نے مطالبہ کیا کہ حکومت معاملے کی فوری تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کو مثالی سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وہ چیئرمین قائمہ کمیٹی قومی ثقافت کو خط تحریر کررہے ہیں کہ اکادمی ادبیات سے شعراء کی تصاویر اتارنے کا فوری نوٹس لیں اور عوام کو بتایا جائے کہ انہیں ثقافتی ورثے سے کیوں محروم کیا جا رہا ہے۔