ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ چٹھہ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے، مقتول گزشتہ روز سے لاپتہ تھا، ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ مقتول کی موت پولیس تشدد سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق کوٹ چٹھہ کے علاقے سے رمضان نامی شخص کی لاش ملی ہے، ورثاء نے لاش انڈس ہائی وے پر رکھ کر دھرنا دیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ محمد رمضان گزشتہ روز سے لاپتہ تھا، مقتول کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ رمضان کی موت پولیس تشدد سے ہوئی ہے۔
مقتول رمضان 2017ء میں تھانہ جھوک اترا میں بکری چوری کے الزام میں نامزد تھا۔
ڈی پی او اسد سرفراز کا کہنا ہے کہ پولیس نے رمضان کو کبھی گرفتار نہیں کیا تو اس پر تشدد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، تاہم مدعی جسے بھی نامزد کریں گے اس کے خلاف مقدمہ درج ہو گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاش کے پوسٹ مارٹم کے بعد حقائق سامنے آنے پر قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔