پشاور(گلزار محمد خان) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قائد مولانا فضل الرحمان نے اکتوبر میں اسلام آباد لاک ڈاؤن دھرنے کے لئے سیاسیرابطوں کا آغاز کرتے ہوئے مسلم لیگ ن،پیپلز پارٹی اور اے این پی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کو حکومت مخالف دھرنے میں شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے شیرپاؤ سے ملاقات،اسفندیار سے رابطہ کیا،محرم الحرام کے بعد بلاول بھٹو، محمود اچکزئی،سراج الحق اور حاصل بزنجو کیساتھ رابطے کا فیصلہ،نواز شریف کا کیپٹن صفدر کے ذریعے مولانا کو دھرنے کی حمایت کا پیغام دیا ہے، ،دھرنے کی تاریخ کا اعلان کر نے کے لئے 18اکتوبر کو مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کرلیا ہے ، 19اکتوبر کو مظفر آباد میں جلسہ عام ھوگا، اسلام آباد دھرنے کے دوران حکومت کے خاتمے، وزیر اعظم کے استعفیٰ اور90دنوں میں نئے انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا جائیگا جبکہ حکومت کے خاتمے تک دھرنا جاری رہے گا۔جمعیت علماء اسلام نے حکومت کے خلاف فیصلہ کن راؤنڈ کا آغاز کرتے ہوئے حکومت کے خاتمے تک اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیاہے جس کے لئے ملک گیر تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے،جمعیت کی مجلسِ عاملہ کی جانب سے صوبہ بھر میں کارکنوں اور عوام کو منظم و متحرک کرنے کے لیے دوروں کا سلسلہ مکمل کرلیاگیا ہے،دھرنے کے انتظامات کے لیے مختلف کمیٹیاں بھی قائم کی گئی ہیں جبکہ اب قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے دھرنے کی حمایت اور شرکت کی دعوت دینے کےلئے سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطوں کا باضابطہ آغاز کرلیا ہے۔