• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیومن رائٹس کمشنر کا بیان حوصلہ افزا ہے، شاہ محمود قریشی

ہیومن رائٹس کمشنر کا بیان حوصلہ افزا ہے، شاہ محمود قریشی


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے آغاز پر ہیومن رائٹس کمشنر کا بیان بہت حوصلہ افزا ہے۔

جنیوا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم جو کہتے آئے ہیں آج ہیومن رائٹس کمیشن کے اجلاس کے آغاز پر اس کا اظہار ہوا ہے، جس میں مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹانے، لاک ڈاؤن اور کمیونی کیشن بلیک آؤٹ ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق بحال کرنے کی بات کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہاں ہیومن رائٹس تنظیموں اور این جی اوز کے سامنے پاکستان اور کشمیریوں کا نکتہ نظر اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے، کشمیریوں کے خلاف جو ظلم اور بربریت جاری ہے وہ آہستہ آہستہ بے نقاب ہورہی ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی جنیوا میں 42 ویں انسانی حقوق کونسل اجلاس سے خطاب کریں گے۔

وزیرخارجہ مندوبین کےسامنے کشمیریوں کا مقدمہ پیش کریں گے اور مقبوضہ کشمیر میں یک طرفہ بھارتی اقدام اور مظالم سے آگاہ کریں گے۔

اس سے قبل جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے کشمیر کی صورتحال پر تحفظات کا اظہارکیا تھا، کمشنر انسانی حقوق نے کہا کہ جموں کشمیر سے متعلق انہیں انسانی حقوق کی صورتحال پر خبریں موصول ہورہی ہیں۔

کمشنر انسانی حقوق نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت جموں کشمیر میں لاک ڈاؤن، کرفیو کی موجودہ صورتحال میں نرمی لائے، عوام کی بنیادی سہولیات تک رسائی ممکن بنائے، کشمیریوں کے مستقبل کے کسی بھی فیصلے کے لیے ان کی رائے لی جائے۔

تازہ ترین