• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کی مشہور و معروف اداکارہ ارمیلا متونڈکر نے صرف 5 ماہ بعد ہی کانگریس پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ارمیلا نے لوک سبھا الیکش سے قبل ہی کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی، ان کی جانب سے مغربی بھارتی ریاست مہاراشٹر اسمبلی کے الیکشن سے کچھ ہی قبل پارٹی چھوڑنے کے اعلان نے کانگریس کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

کانگریس سے اپنے رستے جدا کرنے کے حوالے سے بالی ووڈ کی کئی باکس آفس پر ہٹ فلموں کی ہیروئن کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندر بہت زیادہ گروپنگ کی وجہ سے وہ ایسا کر رہی ہیں۔

اپنے ایک بیان میں ارمیلا نے کہا کہ میں چھوٹے چھوٹے معاملات پر ہونے والی اندرونی سیاست کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہتی، ممبئی میں کانگریس کے اہم عہدیدار یا تو تبدیلی لانے کی اہلیت ہی نہیں رکھتے یا پھر وہ پارٹی کی تنظیم کو بہتر انداز میں استعمال کرنے کے لیے مخلص ہی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری سیاست اور سماجی حساسیت مجھے پارٹی کے اندر لوگوں کے ذاتی مفادات کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیتے، میں تو ممبئی کانگریس میں ایک بڑے مقصد کی جانب دیکھ رہی تھی۔

واضح رہے کہ اداکاری سے سیاست کی جانب آنے والی ارمیلا نے شمالی ممبئی کے حلقے سے بی جے پی کے امیدوار گوپال شیٹھی کے خلاف الیکشن میں حصہ لیا تھا، تاہم وہ یہ مقابلہ ہار گئی تھیں۔

انتخابات میں شکست کے بعد انہوں نے پارٹی مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف ایک خط ریاستی کانگریس کے سربراہ ملاند دیوڑا کو تحریر کیا تھا، تاہم دیوڑا نے 4 ماہ قبل لکھے گئے خط پر تو کوئی ایکشن نہیں لیا، لیکن وہ خود بھی صورتِ حال سے مایوس تھے اور انہوں نے ایک ہفتے قبل پارٹی چھوڑ دی ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین