• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے 50 ملکوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر پر مشترکہ اعلامیہ پیش کردیا

پاکستان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں پچاس ملکوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال پر مشترکہ اعلامیہ پیش کر دیا۔ جس میں مقبوضہ وادی سے کرفیو کے فوری خاتمے، ذرائع مواصلات کی بحالی اور زیر حراست افراد کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر انسانی حقوق کونسل میں مشترکہ اعلامیہ پیش کر دیا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ پاکستان نے پچاس ممالک کی طرف سے پیش کیا۔

اعلامیے میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور بھارت سے کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا احترام کیا جائے، کرفیو فوراً اٹھایا جائے، ذرائع مواصلات بحال کیے جائیں، حراست میں لیے گئے لوگوں کو فوراً رہا کیا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نہتے کشمیریوں کے خلاف طاقت کا بالخصوص پیلٹ گنز کا استعمال بند کیا جائے، عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دی جائے۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

تازہ ترین