• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر اور وزیر اعلیٰ کی ایک ساتھ مزار قائد پر حاضری

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 71 ویں یوم وفات کے موقع پر مزار قائد پر تقریب منعقد کی گئی،جبکہ گورنر سندھ ، وزیر اعلیٰ سندھ اور تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے مزار پر حاضری بھی دی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی سے متعلق جو کمیٹی بنائی گئی ہے وہ صرف سفارشات مرتب کرے گی اور اٹھارویں ترمیم میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہو رہی۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کشمیر کے مسئلے پر پورا پاکستان ایک ہے، ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مجھ سے وفاق نے کراچی کے مسائل پر کوئی رابطہ نہیں کیا میڈیا سے پتہ چلا ہے کہ کوئی کمیٹی بنائی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر موجود مہمانوں کی تاثراتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

دوسری جانب تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے بھی مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی اور تاثراتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔

تازہ ترین