• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لداخ اور مقبوضہ کشمیر میں ملکیت کی تقسیم کا عمل شروع، 3 رکنی کمیٹی تشکیل

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت کی جانب سے متنازع فیصلے کے باوجود لداخ اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے درمیان ملکیت کی تقسیم کا عمل شروع ہو چکا ہے اور 31 اکتوبر سے باضابطہ لداخ اور مقبوضہ جموں و کشمیر بھارت کی مرکزی حکومت کے ماتحت ہو جائیں گے۔ بھارتی حکومت نےگزشتہ روز ملکیت کی تقسیم کی نگرانی کیلئے 3؍ رکنی صلاح کار کمیٹی کا اعلان کر دیا۔ بھارتی وزارت داخلہ کے ذریعےجاری ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 3؍ رکنی صلاح کار کمیٹی میں سابق سیکرٹری برائے دفاع سنجے مشرا، سابق آئی اے ایس افسر ارون گویل اور انڈین اسٹیزنس آڈیٹ سروس (آئی سی اے ایس) کے سابق افسر گری راج پرساد شامل ہوں گے۔ ایک بھارتی سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ملکیت کی تقسیم میں اسلحوں، پولیس دستہ کیلئےگولہ بارود، گاڑیوں کی تقسیم اور بنیادی ڈھانچے و دوسرے وسائل کا تقابلی تقسیم شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’اسی طرح سے دیگر سبھی محکموں کی ملکیت کی تقسیم جیسے کہ خزانہ، مالیات، بجلی ڈیولپمنٹ، صحت دیکھ بھال، تعلیم، سماجی فلاح، دیہی ترقی، عوامی امور اور سیاحتی امور کی تقسیم آبادی کے تناسب میں ہوگی۔

تازہ ترین