پشاور( سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما حاجی صفت اللہ خان نے صوبائی حکومت سے تپہ مومند کے مختلف دیہات میں ڈینگی وبا کے خاتمہ کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے جبکہ واپڈا حکام پر بھی زور دیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بندکیا جائے۔حاجی صفت اللہ نے گزشتہ روز یونین کونسل شیخان اور مشترزئی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیلتھ ٹاؤن فور عاطف خان کیساتھ ملاقات کی جس میں ڈینگی وبا کی روک تھام کے حوالے سے بات چیت کی ، حاجی صفت نے بتایا کہ صرف یونین کونسل شیخان میں900افراد موذی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کی ٹیمیں متاثرہ علاقہ میں پہنچ چکی ہیں ، جس پر سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی جی ہیلتھ کے مشکور ہیں تاہم صوبائی حکومت علاقہ کے غریب عوام کو ادویات کیساتھ مفت ٹسٹ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کرے، انہوں نے کہاکہ واپڈا بھی متاثرہ علاقوں میں غیر اعلانیہ بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے کیونکہ علاقہ کے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔