• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 54 واں یوم شہادت

میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا54 واں یوم شہادت


ستمبر 1965ء کی پاکستان بھارت جنگ میں وطن عزیز کا دفاع کرنے والے قومی ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 54 واں یوم شہادت  آج منایا جارہا ہے۔

راجہ عزیز بھٹی شہید 6 اگست 1928ء کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان سے قبل ان کا خاندان واپس آکر گجرات میں رہائش پذیر ہوا۔

میجر عزیز بھٹی نے بطور سیکنڈ لیفٹیننٹ پنجاب رجمنٹ میں کمشن حاصل کیا اور 1956ء میں میجر بن گئے۔ 

ستمبر  1965 ء میں جب دشمن نے ارض وطن پر شب خون مارا تو میجر عزیز بھٹی شہید کو برکی سیکٹر پر دشمن کی پیش قدمی روکنے کا حکم ملا، قوم کا یہ بہادر سپوت دشمن کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن گیا اور کمال مہارت اور عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو ایک قدم آگے نہ بڑھنے دیا۔

12 ستمبر 1965 ء کو جب دشمن پاک فوج پر بھاری گولہ باری کر رہا تھا، میجر عزیز بھٹی نے مورچے سے باہر نکل کر اپنے سپاہیوں کو ہدایات دیں، اسی دوران توپ کا ایک گولہ میجر عزیز بھٹی کو لگا اور انہوں نے مادر وطن کے دفاع میں شہادت کا رتبہ پایا۔

دشمن کو ناکوں چنے چبوانے اور ملکی دفاع کیلئے بے مثال قربانی اور شجاعت کے مظاہرے کے اعتراف میں حکومت نے راجہ عزیز بھٹی شہید کو پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا، وہ یہ اعزاز پانے والے پاکستان کے تیسرے سپوت تھے۔

تازہ ترین