• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 مکمل چاند، نادر فلکی منظر کب اور کہاں دیکھا جائے گا؟

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

ماہرینِ فلکیات کے مطابق مئی 2026ء میں آسمان پر 1 نہیں بلکہ 2 مکمل چاند دکھائی دیں گے، جو شائقینِ فلکیات کے لیے ایک منفرد موقع ہے۔

 پہلا مکمل چاند جسے فلاور مون کہا جاتا ہے، اس چاند کی مکمل روشنی کا عروج جمعے کے روز دوپہر 1 بج کر 24 منٹ (EDT) پر ہو گا، تاہم شائقین اسے 1 رات پہلے اور 1 رات بعد بھی مکمل شکل میں دیکھ سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یورپ اور شمالی امریکا میں فلاور مون دیکھنے کا بہترین وقت جمعے کی شام غروبِ آفتاب کے فوراً بعد ہے، جب یہ مشرقی افق پر طلوع ہوتا ہے۔

فلاور مون کا نام مقامی امریکی قبائل نے رکھا تھا، جو بہار کے موسم میں کھلنے والے پھولوں کی کثرت کی مناسبت سے دیا گیا۔

 2026ء کا یہ فلاور مون دراصل مائیکرو مون ہو گا کیونکہ یہ زمین سے اپنے سب سے زیادہ فاصلے یعنی اپوجی پر ہو گا، جس کے باعث یہ عام چاند کے مقابلے میں تقریباً 14 فیصد چھوٹا دکھائی دے سکتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مئی کے اختتام پر ایک اور مکمل چاند جسے بلیو مون کہا جاتا ہے 31 مئی کو طلوع ہو گا، تاہم اسے دیکھنے کے لیے 30 مئی کی رات موزوں رہے گی، بلیو مون بھی یورپ اور شمالی امریکا میں غروبِ آفتاب کے بعد نظر آئے گا۔

اس چاند کا عروج 31 مئی کو صبح 4 بج کر 45 منٹ (EDT) پر ہو گا، جبکہ اسے دیکھنے کا بہترین وقت 30 مئی کی رات اور 31 مئی کی صبح سویرے ہو گا۔

1 ہی مہینے میں 2 مکمل چاند کا نظارہ ایک نایاب فلکیاتی مظہر ہے جسے ڈبل لونیشن کہا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس طرح کا فلکی واقعہ تقریباً ہر ڈھائی سے 3 سال بعد پیش آتا ہے۔

اس سے قبل ایسا منظر 2023ء میں دیکھا گیا تھا، جبکہ آئندہ ایسا موقع 2028ء تک دوبارہ نہیں آئے گا۔

خاص رپورٹ سے مزید