• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارسلونا میں مجلس عزا، ماتمی جلوس بھی نکالا گیا

بارسلونا(جواد چیمہ)یوم عاشور کے موقع پر اسپین کے شہر بارسلونا میں القائم اسلامک سنٹر کے زیر انتظام دسویں محرم کی مجلس عزا منعقد کی گئی جبکہ علم اورتعزیے کا ماتمی جلوس بھی نکالاگیا۔حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بارسلونا میں اسپین بھر سے مختلف شہروں سے سیکٹروں کی تعداد میں عزاداروں نے شامل ہو کر ماتم داری اور نوحہ خوانی کرکے اپنا پرسہ پیش کیا۔علمائے کرام اور ذاکرین نے فلسفہ شہادت بیان کرتے ہوئے حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی دین اسلام کی سربلندی کیلئے کربلا کے تپتے ریگزار میں پیش کی گئی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مولاناسید علی کاظم نے مصائب بی بی زینب سنائے تو وہاں موجود تمام عزاداروں کی آہیں بلند ہوگئیں۔ امام بارگاہ القائم اسلامک سنٹر میں مجلس عزا کے اختتام پر شبیہہ علم وذوالجناح اور تعزیے کا بڑا جلوس ہوا جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے گزر کرواپس امام بارگاہ پہنچا۔اس موقع پر پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی فراہم کی گئی تھی جو راستہ میں دیگر لوگوں اور ٹریفک کو روکتے رہے۔محرم الحرام میں جہاں مجالس اور جلوسوں کا انعقاد کیا جاتا ہے وہیں پر عزادارانِ حسینؓ کے لئے نذر ونیاز کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ القائم اسلامک سنٹر بارسلونا کے چیئرمین چوہدری ساجد جنرل ،سیکرٹری سید سعید شاہ، ناظم اعلیٰ سید آصف حسین ترمزی، سید رفاقت شاہ، سید سبط الحسن، ،سید اظہر شاہ نے محرم الحرام کے دس دنوں کے انتظامات کو بخوبی سرانجام دیا جبکہ ماتمی سنگت کے سالار سید عاصم شاہ، سید شبر شاہ نے اپنی سنگت کے ساتھ شرکت کی۔
تازہ ترین