• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور بھارت میں روایتی جنگ ہوئی تو اختتام ایٹمی جنگ پر ہوگا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سنجیدہ مداخلت کرتے ہیں تو مسئلہ کشمیر کےحل کی گارنٹی دی جاسکتی ہے۔

قطر کے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان جنگ میں پہل نہیں کرےگا، وہ جنگ کے خلاف ہیں، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان اور بھارت میں روایتی جنگ ہوئی تو اختتام ایٹمی جنگ پر ہوگا اور ایٹمی جنگ کے نتائج بھیانک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کامنصب سنبھالنےکے بعد سےاب تک انہوں نے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے، لیکن بھارت پاکستان کی مذاکرات کی پیشکش کو غلط طریقے سے لے رہاہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں حکومتی ظلم و ستم سے توجہ ہٹانےکے لیے پاکستان پردہشت گردی کاالزام لگارہاہے، پاکستان کو خدشہ ہے کہ بھارت فروری کی طرح پاکستان میں پھر کوئی حرکت کرسکتاہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی کارروائیوں پر رد عمل کا الزام پاکستان پر لگا سکتا ہے۔

افغانستان کے مسئلے پر بات کرتےہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مذاکرات کے لیے طالبان پر جو اثر ڈال سکتاہے وہ ڈال رہاہے، امید ہے صدر ٹرمپ طالبان سے دوبارہ مذاکرات بحال کریں گے، افغانستان کےمسئلے کا حل مذاکرات ہی ہیں فوجی حل نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر کرپٹ لیڈر ز کرپشن کرنے کے بجائے یو ٹرن لے لیتے تو آج جیل میں نہ ہوتے۔

تازہ ترین